کراچی: محکمہ موسمیات نے محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے اپنی ابتدائی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جون کو نئے ہجری سال کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئے قمری مہینے کا چاند 15 جون کو صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اسی روز یعنی 29 ذوالحج کی شام چاند کی عمر اور فلکیاتی صورتحال ایسی نہیں ہوگی کہ اسے باآسانی دیکھا جا سکے۔ اسی وجہ سے ملک بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 جون کی شام پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم چاند کی کم عمر رویت میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے گی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مختلف علاقوں میں چاند غروب ہونے کے اوقات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں چاند رات 7 بج کر 59 منٹ پر غروب ہوگا، جبکہ سندھ میں اس کا وقت رات 8 بج کر 5 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح آزاد کشمیر میں چاند رات 8 بج کر 7 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان میں چاند رات 8 بج کر 12 منٹ پر غروب ہوگا۔
خیبر پختونخوا میں چاند کے غروب ہونے کا وقت رات 8 بج کر 23 منٹ بتایا گیا ہے، جبکہ بلوچستان میں چاند سب سے زیادہ دیر تک افق پر رہے گا اور رات 8 بج کر 34 منٹ پر غروب ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فلکیاتی اعداد و شمار کی روشنی میں 15 جون کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی محدود ہیں، تاہم محرم الحرام کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے موصول ہونے والی شہادتوں اور اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔