نیب کی جانب سے ملک ریاض سمیت متعدد ملزمان کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری

فہرستِ مضامین

قومی احتساب بیورو (نیب) نے ریفرنس نمبر 01/2025 کے تحت اہم کارروائی کرتے ہوئے معروف بزنس مین ملک ریاض اور دیگر متعدد ملزمان کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق عدالت پہلے ہی 23 اپریل 2026 کے حکم کے تحت تمام ملزمان کو اشتہاری (مفرور) قرار دے چکی تھی، جس کے بعد نیب نے سخت قانونی اقدام کرتے ہوئے گرفتاری وارنٹ جاری کیے۔

وارنٹ جاری ہونے والے افراد میں ملک ریاض کے علاوہ محمد اویس، زین ملک، شاہد محمود قریشی، وسیم رفعت، احمد بخش ناریجو، احمد علی ریاض، فیصل سرور قریشی، ثاقب سومرو اور وقاص رفعت شامل ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق یہ کارروائی جاری تحقیقات اور مبینہ کرپشن ریفرنسز کے سلسلے میں کی گئی ہے، جن میں ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال، مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری معاملات میں مداخلت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پہلے عدالت میں پیش ہونے کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم عدم حاضری کے باعث عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا، جس کے بعد قانونی طور پر گرفتاری وارنٹ جاری کرنا ضروری ہو گیا۔

قانونی ماہرین کے مطابق جب کسی ملزم کو عدالت اشتہاری قرار دے دے تو احتسابی اداروں کے لیے گرفتاری کے سخت اقدامات قانونی طور پر جائز ہو جاتے ہیں، جس کا مقصد مقدمے کو آگے بڑھانا اور تحقیقات مکمل کرنا ہوتا ہے۔

نیب حکام کا کہنا ہے کہ تمام کارروائی قانون کے مطابق اور بغیر کسی دباؤ کے جاری ہے، اور تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ معاملہ ملک کے احتسابی نظام میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید قانونی کارروائی کا امکان ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں