ن لیگ کو سادہ اکثریت حاصل، نتائج تسلیم کیے جائیں، عطاء اللہ تارڑ

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے برتری حاصل کرتے ہوئے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے، تاہم اپوزیشن جماعتیں عوامی فیصلے کو تسلیم کرنے کے بجائے بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہیں۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے بھرپور انداز میں انتخابی عمل میں حصہ لیا اور اپنی رائے کا آزادانہ اظہار کیا۔ ان کے مطابق ووٹرز نے تعمیر و ترقی، عوامی خدمت اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کرتے ہوئے پارٹی کے حق میں فیصلہ دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں سیاسی سرگرمیاں بھرپور رہیں، جبکہ سیاست میں اختلافِ رائے اور نوک جھونک جمہوری عمل کا حصہ ہوتی ہے، تاہم کسی بھی قسم کے الزامات بغیر شواہد کے نہیں لگانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی جماعت انتخابی نتائج پر اعتراض کرتی ہے تو اسے اپنے دعوؤں کے حق میں ٹھوس شواہد بھی پیش کرنے چاہئیں۔ ان کے بقول آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوامی مینڈیٹ ہے، جسے تمام سیاسی قوتوں کو قبول کرنا چاہیے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ماضی میں گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دے کر مثبت سیاسی روایت قائم کی تھی، لہٰذا تمام جماعتوں کو برداشت، تحمل اور رواداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی بیانات حقائق اور شواہد کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی ترقی، عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے، اور عوام نے اسی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں