وزارت داخلہ کی ویزا رپورٹ، 15 ممالک گرانٹ ویزا فہرست میں شامل

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے مختلف ویزا کیٹیگریز سے متعلق ایک خصوصی رپورٹ تیار کرلی ہے، جس میں بزنس، ٹورسٹ اور گرانٹ ویزا کے علاوہ پاکستان کے مختلف ممالک کے ساتھ ویزا معاہدوں اور دہری شہریت سے متعلق تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق 69 ممالک پاکستان کی بزنس ویزا فہرست میں شامل ہیں، جبکہ 24 ممالک ٹورسٹ ویزا کیٹیگری اور 15 ممالک گرانٹ ویزا کی فہرست میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے مختلف ممالک کے ساتھ ویزا استثنیٰ سے متعلق 36 معاہدے کیے ہیں، جن میں 9 ممالک کے سفارتی پاسپورٹ، 19 ممالک کے آفیشل پاسپورٹ اور 8 ممالک کے عام یا قومی پاسپورٹ رکھنے والے افراد سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق 16 ممالک کے ساتھ دہری شہریت سے متعلق انتظامات بھی فہرست کا حصہ ہیں۔

69 ممالک بزنس ویزا فہرست میں شامل

رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا، بیلجیئم، برازیل، چین، فرانس، جرمنی، جاپان، کویت، کرغزستان، قازقستان، ملائیشیا، مالٹا، قطر، سویڈن، برطانیہ، امریکا اور ازبکستان سمیت متعدد ممالک پاکستان کی بزنس ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں۔

ٹورسٹ ویزا کے لیے 24 ممالک شامل

وزارت داخلہ کے مطابق 24 ممالک ٹورسٹ ویزا کیٹیگری میں شامل ہیں۔ ان ممالک سے آنے والے سیاحوں کی ذمہ داری متعلقہ اور مقررہ ٹورسٹ آپریٹرز پر عائد ہوگی۔

گرانٹ ویزا کیٹیگری میں 15 ممالک

رپورٹ کے مطابق گرانٹ ویزا کیٹیگری میں 15 ممالک شامل ہیں، جن میں بنگلادیش، بھارت، نائجیریا، صومالیہ، سوڈان اور یمن بھی شامل ہیں۔

وزارت داخلہ کی اس رپورٹ میں مختلف ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا پالیسی، سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس سے متعلق انتظامات اور بین الاقوامی سفر کے حوالے سے موجود معاہدوں کی تفصیلات یکجا کی گئی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں