شرم الشیخ: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی خصوصی دعوت پر شرم الشیخ پہنچ گئے، جہاں وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے منعقدہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
شرم الشیخ ایئرپورٹ پر وزیرِاعظم کا استقبال مصری وزیر برائے یوتھ و اسپورٹس ڈاکٹر اشرف صبحیی، پاکستان کے مصر میں سفیر عامر شوکت اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارتی حکام نے کیا۔
امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت
وزیرِاعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مصری صدر السیسی، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں خصوصی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ شرم الشیخ امن کانفرنس کا مقصد غزہ میں جاری جنگ بندی کو مستقل بنانے اور خطے میں استحکام لانا ہے، جس میں دنیا کے 20 سے زائد ممالک کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔