سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے منگل کے روز ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے میں جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا، اور الجبیل میں تیل کی تنصیبات پر ہونے والے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کا ساتھ دیتے رہیں گے، جس طرح سعودی قیادت نے ماضی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں سعودی قیادت کے تحمل اور دانشمندانہ طرزِ عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی ولی عہد کو آگاہ کیا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔