ممبئی: بھارتی اداکار سنجے دت کو ایک ٹی وی شو میں بھارتی حکومت پر مبینہ تنقید کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے اپنے بیان اور پروگرام میں کی گئی پرفارمنس کی وضاحت کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت نے حال ہی میں ایک بھارتی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بھارت میں پہلے جیسا امن محسوس نہیں ہوتا اور وہ چاہتے ہیں کہ ماضی کے دن واپس آجائیں۔
پروگرام کے دوران سنجے دت نے وزیراعظم کے کردار پر مبنی ایک پرفارمنس بھی کی، جس پر بعض افراد نے سوشل میڈیا پر انہیں تنقید اور ٹرولنگ کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پر ردعمل سامنے آنے کے بعد سنجے دت نے وضاحتی ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں ان کی پرفارمنس مکمل طور پر اسکرپٹ کا حصہ تھی۔
اداکار نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی فرد، برادری یا تنظیم کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا، کسی کی توہین کرنا یا بے عزتی کرنا نہیں تھا۔
سنجے دت نے کہا کہ پروگرام میں جو کچھ پیش کیا گیا، اسے اسی تناظر میں دیکھا جائے اور ان کے مقصد کو غلط انداز میں پیش نہ کیا جائے۔