پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے عمل کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کل عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈاکٹر عباد اللہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں ہوا، ایسے میں نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آئین اور قانون کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل غیر جمہوری، غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کل ہم اجتماعی طور پر عدالت جائیں گے اور اس غیر آئینی اقدام کو چیلنج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے خود علی امین گنڈا پور کو دستخط کی تصدیق کے لیے طلب کر رکھا ہے، تو ایسی صورتحال میں نیا وزیراعلیٰ منتخب کرنا جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں، تاہم اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے انتخابی عمل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔