وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے ملاقات کی، جس میں سماجی، سیاسی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے پنجاب میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کے دکھ میں سندھ حکومت برابر کی شریک ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا کہ سندھ حکومت کی حمایت اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان تعاون عوامی فلاح کے لیے ناگزیر ہے۔
ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی ملک کے ہر کونے میں عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاسی اور سماجی سطح پر تعاون کے دروازے ہمیشہ کھلے رہنے چاہئیں، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی ہی ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکتی ہے