وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت میری ٹائم ایکسپوکی اسٹیئرنگ کمیٹی کااجلاس، انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت

فہرستِ مضامین

کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کی تیسری اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباس، صوبائی وزراء شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، ذوالفقار شاہ، جام اکرم اللہ دھاریجو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن سمیت سندھ حکومت اور پاکستان نیوی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ میری ٹائم ایکسپو سے قبل تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو سینٹر کے اطراف اور آنے جانے والے راستوں کی تزئین و آرائش کی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ شہر میں آمد و رفت کے مؤثر انتظامات اور متبادل راستے وضع کیے جائیں تاکہ ایکسپو سینٹر آنے والے مندوبین کو ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے ایکسپو سینٹر تک کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے لیے بھی متبادل ٹریفک روٹس وضع کیے جائیں۔ اگرچہ کچھ زحمت ضرور ہوگی، مگر کراچی میری ٹائم ایکسپو کی میزبانی پر فخر کرتا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 3 تا 6 نومبر 2025ء کراچی میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ایم ای سی، پاکستان کی بلیو اکانومی کے وژن کو آگے بڑھانے کا اسٹریٹجک پلیٹ فارم ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ نمائش پاکستان کی سمندری صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرے گی اور خطے میں ایک اہم میری ٹائم مرکز کے طور پر پاکستان کے کردار کو مزید مستحکم کرے گی۔ انہوں نے پاکستان نیوی کی قیادت اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی سے روزگار، تجارت اور معاشی استحکام کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ قریبی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ ایکسپو کی کامیاب تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق پی آئی ایم ای سی 2025 میں میری ٹائم نمائش، بین الاقوامی کانفرنس اور ثقافتی شو شامل ہوں گے۔ یہ ایونٹ سرمایہ کاروں، محققین اور پالیسی سازوں کے لیے شراکت داریوں کا متحرک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025ء کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک جدید اور ترقی یافتہ میری ٹائم طاقت کے طور پر اجاگر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندری صلاحیتوں کو عوامی خوشحالی اور علاقائی امن و ترقی میں بدلنا ہمارا عزم ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں