وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت شہید ذوالفقار علی بھٹو انجنیئرنگ کالج گڈاپ اور نیشنل میڈیکل کمپلیکس کے قیام سے متعلق اجلاس

فہرستِ مضامین

کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو انجنیئرنگ کالج گڈاپ اور نیشنل میڈیکل کمپلیکس کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں متعدد صوبائی وزراء، محکموں کے سیکریٹریز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو انجنیئرنگ کالج گڈاپ:

وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ یہ کالج 1554.824 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس اسکیم پر کام 2015ء سے جاری ہے۔ اب تک 729.96 ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ کالج میں ایڈمنسٹریشن بلاک، اکیڈمک بلاکس، آڈیٹوریم، اور لائبریری ہال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ اکیڈمک بلاکس میں سول، الیکٹریکل اور کمپیوٹر سافٹ ویئر انجنیئرنگ کے شعبے قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ رہائشی بلاکس میں اسٹوڈنٹ ہاسٹل، ٹیچرز ہاسٹل، بینگلوز اور اسٹاف فلیٹس کی تعمیر بھی جاری ہے۔ ڈسپینسری، مسجد، منی مارکیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سینٹر کا کام بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خزانہ کو فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کالج کے کام کو تیز کیا جائے تاکہ طلبہ کو جلد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

نیشنل میڈیکل کمپلیکس کا قیام:

نیشنل ہائی وے پر رزاق آباد کے قریب 4.6 ارب روپے کی لاگت سے دو سو بستروں پر مشتمل نیشنل میڈیکل کمپلیکس تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے پر اب تک ایک ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ میڈیکل کمپلیکس میں آئی سی یو، برنز وارڈ، میڈیکل سرجیکل آئی سی یو، سی سی یو، ڈائیلائسز وارڈ، تھیلیسیمیا سینٹر اور ایمرجنسی یونٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس کے علاوہ اسٹاف کالونی میں رہائشی فلیٹس کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ میڈیکل کمپلیکس کی مین بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کے فنڈز جلد جاری کیے جائیں اور اس اسکیم کو ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہر تین ماہ بعد منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں