الحمدللہ، وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ وہ آج صبح شرم الشیخ میں تاریخی غزہ امن منصوبے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں، جو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزیرِ اعظم نے مصری صدر السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، جو اس امن سربراہی اجلاس کے شریک میزبان ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی شاندار قیادت اور غیر متزلزل عزم کے بغیر یہ تاریخی لمحہ ممکن نہ ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کی خصوصی توجہ اور جستجو کی بدولت غزہ میں جاری قتل و غارت کو روکنا ممکن ہوا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج کی تقریب نسل کشی کے ایک المناک باب کے اختتام کی نشاندہی کرتی ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ یقینی بنائے کہ دنیا میں کہیں بھی دوبارہ ایسا نہ ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ بہادر فلسطینی عوام کو 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد فلسطین حاصل کرنے کا پورا حق ہے، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔