وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے لیے ن لیگ اور جے یو آئی (ف) نے امیدوار فائنل کر لیے، متفقہ امیدوار پر مشاورت جاری

فہرستِ مضامین

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے لیے متفقہ امیدوار میدان میں اتارنے پر مشاورت جاری ہے، تاہم تاحال کسی ایک نام پر حتمی اتفاق نہیں ہو سکا۔

مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وزارت اعلیٰ کے لیے اپنے اپنے امیدوار فائنل کر لیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے اکرم خان درانی یا مولانا لطف الرحمان کو وزارت اعلیٰ کا امیدوار بنائے جانے کا امکان ہے، جبکہ مسلم لیگ ن کی طرف سے ڈاکٹر عباداللہ مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

اس معاملے پر جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ متفقہ امیدوار سامنے لانے کے لیے مشاورت جاری ہے۔

دوسری جانب کے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اپوزیشن جماعتیں وزارت اعلیٰ کے لیے امیدوار سامنے لائیں گی اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ایک متفقہ امیدوار نامزد کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کی ہدایت دی گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا ہے

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں