ٹرمپ نے شی جن پنگ سے ملاقات کا ایجنڈا بتا دیا، ایران بھی شامل

فہرستِ مضامین

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران ایران کے معاملے پر بات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، تائیوان اور مصنوعی ذہانت سمیت دیگر اہم امور بھی زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ سرکاری دورے پر امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ان کا ذاتی طور پر استقبال کیا۔

ٹرمپ اور شی جن پنگ نے ملاقات کے آغاز پر مصافحہ کیا اور مختصر گفتگو کی۔ امریکی صدر کی جانب سے غیر ملکی ہم منصب کا ایئر بیس پر خود استقبال کرنا ایک غیر معمولی سفارتی اقدام قرار دیا جارہا ہے۔

شی جن پنگ کے دورے کے دوران ایران کا معاملہ اس لیے بھی اہم سمجھا جارہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایسے الزامات سامنے آئے ہیں کہ چینی اداروں نے ایران کو سیٹلائٹ تصاویر فراہم کیں، جنہیں بعد میں اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی حملے سے قبل استعمال کیا گیا۔ ان الزامات کو چین نے مسترد کیا ہے، جبکہ ٹرمپ نے بھی اس معاملے پر مختلف مواقع پر محتاط مؤقف اختیار کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان تائیوان بھی اہم موضوع ہوگا۔ واشنگٹن طویل عرصے سے تائیوان کو دفاعی سازوسامان فراہم کرتا ہے جبکہ بیجنگ جزیرے کو اپنا حصہ قرار دیتے ہوئے امریکی اسلحہ فروخت کی مخالفت کرتا ہے۔

مصنوعی ذہانت بھی ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ ہنگامی رابطہ نظام پر بھی بات متوقع ہے، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت سے متعلق کسی بڑے تکنیکی یا سکیورٹی بحران کی صورت میں فوری رابطے کو ممکن بنانا ہے۔

دوسری جانب امریکا اور چین نے اپنے تجارتی معاہدے میں توسیع پر بھی اتفاق کیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق موجودہ تجارتی جنگ بندی کو 10 جنوری تک بڑھایا گیا ہے۔

شی جن پنگ کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیا جائے گا، جس میں امریکی ٹیکنالوجی صنعت کی اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ دورے میں تجارت، مصنوعی ذہانت، نایاب معدنیات اور امریکا چین تعلقات سمیت متعدد امور پر بات چیت ہوگی۔

شی جن پنگ کا یہ 2023 کے بعد امریکا کا پہلا دورہ ہے۔ 2023 میں انہوں نے کیلیفورنیا میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے دوران اس وقت کے امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی تھی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں