ٹرمپ کا بڑا بیان: اسرائیل اور ایران دونوں جنگ روکنا چاہتے ہیں

فہرستِ مضامین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران دونوں فوری جنگ بندی کے خواہاں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے حتمی سفارتی رابطے جاری ہیں۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ فریقین امن کی جانب بڑھنا چاہتے ہیں اور ایک حتمی معاہدے کے لیے بات چیت آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی قسم کی “جہالت یا حماقت” نے اس عمل میں رکاوٹ ڈالی تو پیش رفت متاثر ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے تک موجودہ ناکہ بندی برقرار رہے گی اور اس پر مکمل عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔

اس سے قبل بھی امریکی صدر اسرائیل اور ایران پر زور دے چکے ہیں کہ وہ مزید حملوں سے گریز کریں، کیونکہ دونوں جانب سے جاری جوابی کارروائیاں مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

دوسری جانب ایران نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے اقدامات واشنگٹن کی حمایت اور مشاورت کے بغیر ممکن نہیں۔ تہران میں پریس کانفرنس کے دوران ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ دنیا یہ ماننے کو تیار نہیں کہ اسرائیل امریکہ کے ساتھ پیشگی رابطے کے بغیر ایسے اقدامات کر سکتا ہے۔

ادھر اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے ایران کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ایک پیٹروکیمیکل کمپلیکس سمیت متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایران کے فضائی دفاعی نظام کے بعض حصوں کو بھی تباہ کیا گیا۔

جواب میں ایرانی پاسداران انقلاب نے اسرائیل کے شہر حیفہ میں واقع ایک اہم پیٹروکیمیکل تنصیب پر میزائل حملے کیے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اتوار کی شب سے ایران کی جانب سے تقریباً 30 میزائل فائر کیے جا چکے ہیں۔

پیر کے روز ایرانی دارالحکومت تہران میں بھی صورتحال کشیدہ رہی، جہاں وسطی علاقے میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس کے بعد مزید دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں جبکہ فضائی دفاعی نظام کو بھی فعال کر دیا گیا۔ ایرانی حکام نے ایک دشمن ڈرون مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

خطے میں جاری اس کشیدگی کے باوجود عالمی برادری کی نظریں ان سفارتی کوششوں پر مرکوز ہیں جو اسرائیل اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی اور وسیع تر امن معاہدے کی راہ ہموار کر سکتی ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں