امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر عائد ٹیرف میں 10 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ امریکی اور چینی صدور کے درمیان ملاقات کے بعد کیا گیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین پر لگایا گیا ٹیرف 57 فیصد سے کم ہو کر اب 47 فیصد رہ گیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ امریکی صدر نے بتایا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات انتہائی مثبت رہی اور دونوں ممالک کے درمیان متعدد اہم فیصلے طے پائے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سویابین کی خریداری فوری طور پر شروع کی جائے گی، جبکہ نایاب معدنیات سے متعلق معاملات میں اب کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی۔ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ سال اپریل میں چین کا دورہ کریں گے، جس کے بعد چینی صدر بھی امریکا کا دورہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک یوکرین کے معاملے پر بھی مل کر کام کرنے جا رہے ہیں۔