وزیراعلیٰ سندھ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کراچی میں ای چالان سسٹم کا افتتاح کردیا

فہرستِ مضامین

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف ای چالان سسٹم کا افتتاح کر دیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ رکشہ، گاڑی اور موٹرسائیکل سمیت ہر کوئی قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے ضروری اقدامات پر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ٹریفک خلاف ورزیاں جدید کیمروں کے ذریعے خودکار طور پر ریکارڈ کی جائیں گی اور ای-ٹکٹنگ سسٹم سے انسانی مداخلت اور جانبداری ختم ہوگی۔ اس منصوبے کے تحت کیمروں کی تعداد 12 ہزار تک بڑھائی جائے گی اور نظام کو مرحلہ وار سندھ بھر میں وسعت دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہری ای-ٹکٹ کی وضاحت یا اپیل کے لیے ٹریکس سینٹرز سے رجوع کر سکتے ہیں، اور عوامی رہنمائی اور سہولت کے لیے ٹریک مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سندھ میں ڈیجیٹل شفافیت اور جدیدیت کی طرف ایک اہم قدم ہے اور اس کے ذریعے شہریوں کی بہتر خدمت اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سڑکوں پر مکمل سائن بورڈز لگنے چاہئیں تاکہ شہری آگاہ ہوں، اور چالان کی وصولی میں کچھ ایسا نظام ہونا چاہیے کہ جس نے غلط چالان دیا ہو اس سے 30 فیصد رقم وصول کی جا سکے۔

ای چالان سسٹم کیا ہے؟

ای چالان سسٹم ایک ڈیجیٹل یا الیکٹرانک نظام ہے جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے (چالان) وصول کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو آسان، شفاف اور تیز بنانا ہے۔

اس نظام کے تحت خلاف ورزی کرنے والے کی گاڑی اور خلاف ورزی کی تفصیل ڈیجیٹل طور پر ریکارڈ کی جاتی ہے اور شہری کو SMS، ای میل یا موبائل ایپ کے ذریعے اطلاع بھیجی جاتی ہے۔ شہری اب اپنے جرمانے بینک، موبائل بینکنگ یا ای والٹ کے ذریعے آسانی سے ادا کر سکتے ہیں، جس سے پولیس اسٹیشن جانے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں