کراچی: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک نے مون سون بارشوں اور سیلابوں کے سیزن میں افواہوں اور غلط معلومات کے پھیلائو کو نظر میں رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔
سوشل میڈیا کے اس بہت بڑے پلیٹ فارم نے پاکستان میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابوں کے موسم میں اپنے صارفین کو تصدیق شدہ اور بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک نئی سرچ گائیڈ متعارف کرائی ہے۔
ٹک ٹاک کے مطابق، یہ اقدام سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر محفوظ اور حقائق پر مبنی معلومات اور آگاہی فراہم کرنے کی ان جاری کوششوں کا حصہ ہے، جن کا مقصد قدرتی آفات کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے کے رجحان کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنا ہے۔
پاکستان میں مون سون کی بارشوں کا موسم جون کے آخر سے ستمبر تک جاری رہتا ہے، جس کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہوتا ہے۔
ٹک ٹاک کی کی پبلک ریلیشن فرم کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اب صارفین جب اس پلیٹ فارم سے سیلاب کی معلومات تلاش کریں گے، تو انہیں ایک واضح بینر نظر آئے گا جس میں ان سے معلومات کی تصدیق کے لیے کہا گیا ہے۔
یہ گائیڈ، یوزرز یعنی صارفین کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) تک رسائی فراہم کرے گا، جہاں سے پاکستان میں قدرتی آفات کے بارے میں تصدیق شدہ اور تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
بیان کے مطابق، اس گائیڈ میں ٹک ٹوک کے سیفٹی سینٹر پر موجود وسائل اور ٹریجک ایونٹ سپورٹ گائیڈ کی لنکس بھی شامل کی گئی ہیں، جو مشکل حالات میں لوگوں کو عملی مدد فراہم کرتی ہیں۔
یہ گائیڈ واضح کرتا ہے کہ سانحات کون سی اقسام کے ۲واقعات کو کہا جاتا ہے، جن میں قدرتی آفات سے لے کر ذاتی نوعیت کے نقصانات تک کے معاملات شامل ہوتے ہیں۔
گائیڈ کے ذریعے صارفین کو دماغی صحت سے متعلق معاونت حاصل کرنے اور حساس موضوعات پر مواد کو ذمہ داری سے شیئر کرنے یا رپورٹ کرنے کے لیے رہنمائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔
پاکستان میں ٹک ٹاک کی پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ رلیشنز کے سربراھ فہد محمد خان نیازی کہتے ہیں کہ ہم سمجھتے ہیں کہ بحران کے وقت میں بروقت اور درست معلومات تک رسائی بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزاسٹر ریسپانس کرنے والی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کرکے اور معتبر وسائل کو مزید واضح کر کے، ہم باخبر فیصلے کرنے میں مدد کرنا چاہتے ہیں، تاکہ صارفین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ٹک ٹاک کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ گائیڈ اس وسیع تر مشن کا حصہ ہے، جس میں قابل اعتماد معلومات فراہم کرنا اور ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول بنانا شامل ہے۔
ٹک ٹاک ان ٹولز کو براہ راست صارف کے تجربے کا حصہ بنا
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم ایک ایسا ماحول بنانے کے لیے پرعزم ہے، جہاں لوگ باخبر رہیں، اپنا تحفظ کر سکیں اور نازک لمحات میں ذمے داری سے کام کر سکیں۔