واشنگٹن ( ڈبلیو ٹی این شوبز نیوز ) مشہور گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے امریکی فٹبال کھلاڑی ٹریوس کیلس سے اپنی منگنی کا اعلان کیا، جس نے انٹرنیٹ پر ایک ہلچل مچا دی ہے۔
منگل کے روز اس جوڑے کی جانب سے اس ایک لائن اور پانچ تصویروں پر مشتمل انسٹاگرام پوسٹ کے ساتھ جس کے آخر میں آتش بازی والا ایموجی بھی تھا، کی گئی اس پوسٹ کو دو کروڑ 80 لاکھ سے زائد بار لائک کیا جا چکا ہے۔
منگنی کی تصاویر میں اسٹار کیلس کو ایک گھٹنہ ٹیک کر دنیا کی مشہور گلوکارہ کو پرپوز کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، دونوں ایک دوسرے کی آنکھوں میں دیکھتے اور گلے لگاتے نظر آ رہے ہیں۔
تصویروں کی تیسری سلائیڈ میں، ٹیلر سوئفٹ نے رالف لارین کا ہالٹر نیک لباس اور ڈائمنڈ جڑی ہوئی کارٹیئر گھڑی پہن رکھی ہے، اور وہ اپنی منگنی کی انگوٹھی دکھا رہی ہیں، جو کہ سنہری پٹی پر جڑی ہوئی کشن کٹ ہیرا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ انگوٹھی آرٹیفیکس فائن جیولری سے خریدی گئی ہے، جہاں انگوٹھیوں کی قیمتیں تقریباً 29,000 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی روپیوں میں 82 لاکھ سے زائد سے شروع ہوتی ہیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ جوڑا پھولوں جیسے گلاب، اینی مونس، ڈلفینیم اور ہائیڈرینجیا سے گھرا ہوا ہے، جو ایک جنگل نما جگہ پر ترتیب دیے گئے ہیں، جس میں مخصوص جگہوں پر رکھے گئے برتن اور محراب نظر آتے ہیں۔
سادگی میں خوبصورتی
شادی کی سجاوٹ کی ماہر نکولا پال نے برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کو بتایا کہ یہ سادگی میں خوبصورتی ہے، زیادہ نمایاں نہیں، بلکہ فطری لگتا ہے،انہوں نے مزید کہا یہ جنگل میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ سبزہ اور قدرتی حسن نمایاں ہو۔
مشہور سیلیبرٹی فلورسٹ جیف لیتھم، جو کارڈیشین فیملی کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں، انہوں نے اسے خوبصورت، چھپا ہوا رومانوی باغ قرار دیا ہے۔
ٹیلر سوئفٹ نے ہمیشہ اپنے مداحوں کے لیے ایسٹر ایگ ہنٹ یعنی چھپے ہوئے اشارے چھوڑنے کو پسند کیا ہے، اور یہ پوسٹ بھی اس سے خالی نہیں تھی۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ نہ تو سوئفٹ اور نہ ہی کیلس اس سے پہلے کبھی کسی سے منگنی میں رہے ہیں۔
اسکول کا گانا
انسٹاگرام پوسٹ کے ساتھ ٹیلر سوئفٹ کا گانا So High School بھی شامل ہے، جو ان کے البم “Tortured Poets Department” کا حصہ ہے، اور کہا جاتا ہے کہ یہ گانا کیلس کے بارے میں لکھا گیا تھا، گانے کی ایک لائن ہے، مجھے ہر بار تمہیں دیکھ کر ہائی اسکول جیسا محسوس ہوتا ہے۔
یہ ممکنہ طور پر ایک 2016 کے انٹرویو کی طرف اشارہ ہے، جس میں ٹریوس کیلس نے کِس، میری، کل گیم کے دوران ٹیلر کو چومنے کے لیے منتخب کیا تھا۔
ٹیلر سوئفٹ کی فین اور لندن کے وکٹوریہ اینڈ البرٹ میوزیم میں ان پر ہونے والی نمائش کی مشیر ڈاکٹر آئیونا مرفی نے کہا کہ
یہ واقعی جادوئی اور خاص لمحہ تھا، کہ ایک گانا جو کیلس کے بارے میں لکھا گیا، اسی پوسٹ میں شامل تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسٹاگرام کیپشن آپ کی انگلش ٹیچر اور جم ٹیچر کی شادی ہو رہی ہے، بھی خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ یہ مداحوں کی طرف سے مزاحیہ انداز میں استعمال ہونے والا جملہ ہے۔
“یہ فین کمیونٹی میں ایک لطیفہ ہے۔ سوشل میڈیا پر آپ کو یہ تبصرہ اکثر دکھائی دے گا، تو یہ فینز کے لیے ایک اشارہ تھا۔”
خاندان کو ویڈیو کال پر بتایا
ای بی سی نیوز 5 کلیولینڈ سے بات کرتے ہوئے، ٹریوس کے والد ایڈ کیلس نے انکشاف کیا کہ منگنی تقریباً دو ہفتے پہلے ہوئی تھی، انہوں نے بتایا کہ یہ لمحہ لیز سمٹ، میسوری کے ایک باغ میں پیش آیا، وہ دونوں ڈنر پر جانے والے تھے، ٹریوس نے کہا کہ پہلے چل کر ایک گلاس وائن پیتے ہیں، پھر اس نے پرپوز کیا، اور وہ لمحہ بہت خوبصورت تھا۔
مداحوں کا جذباتی ردِعمل
اس خبر پر سوشل میڈیا پر مداحوں کا ردعمل حیران کن حد تک جذباتی رہا، کئی ویڈیوز میں مداحوں کو چیختے، خوشی سے روتے اور جذباتی ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
کلوئی، جو ٹِک ٹاک پر ٹیلر سوئفٹ کے مداحوں کے لیے ایک نیوز اکاؤنٹ چلاتی ہیں (جس کے 74,000 فالورز ہیں)، انہوں نے بتایا کہ میں نے پہلے تو سوچا یہ اے آئی ہے۔ پھر جب میں نے دیکھا کہ یہ انہی کے آفیشل اکاؤنٹس سے پوسٹ ہوئی ہے، تو میں حیرت زدہ رہ گئی۔ میں نے فوراً اپنی دوستوں کو پیغام بھیجا۔ یہ صرف خوشی اور حیرت تھی۔
کئی مداح سوشل میڈیا پر مذاقاً کہہ رہے تھے کہ “ہماری قریبی دوست” کی منگنی ہو گئی ہے۔ ٹیلر سوئفٹ نے اپنے کیریئر کے آغاز ہی میں مداحوں سے جڑنے کی اہمیت کو سمجھ لیا تھا، اور وہ نہایت ذاتی اور دوستانہ انداز میں ان سے رابطہ رکھتی ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ کا منگیتر کون ہے؟
ٹیلر سوئفٹ کا منگیتر ٹریوس کیلس جو ایک معروف امریکی فٹبال کھلاڑی ہیں۔ وہ نیشنل فٹبال لیگ (NFL) کی ٹیم کنساس سٹی چیفس کے لیے کھیلتے ہیں اور اپنے کھیل، انداز اور مشہور شخصیت کی حیثیت سے بھی کافی شہرت رکھتے ہیں۔
ٹیلر اور ٹریوس کی جوڑی 2023 سے خبروں میں تھی، اور دو سال کی دوستی کے بعد حال ہی میں دونون نے منگنی کا اعلان کیا ہے۔