ٹی20 ٹیم کی قیادت کس کے پاس جائے گی؟ دو نام سامنے آگئے

فہرستِ مضامین

پاکستان کرکٹ ٹیم میں بڑے فیصلوں کی اطلاعات سامنے آگئی ہیں، ٹی20 کپتان سلمان علی آغا کو کپتانی سے ہٹانے کے ساتھ اسکواڈ سے بھی ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا ٹیسٹ ٹیم کے بعد اب ٹی20 اسکواڈ کا بھی حصہ نہیں ہوں گے اور انہیں صرف ون ڈے ٹیم میں برقرار رکھا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی20 ٹیم کی قیادت کے لیے صاحبزادہ فرحان اور شاداب خان کے نام زیر غور ہیں، جبکہ حارث رؤف کے بعد اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بھی ٹی20 اسکواڈ سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی جانب سے 136 وکٹوں کے ساتھ ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، جبکہ حارث رؤف 133 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایجبسٹن ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے رضا اللہ کے ٹی20 اور ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہونے کے امکانات بھی مضبوط ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی ون ڈے ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے، جبکہ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم ٹی20 اور ون ڈے دونوں اسکواڈز میں شامل ہوں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی میں 3 ٹی20 میچز شیڈول ہیں۔

بعد ازاں 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا، جس میں میزبان پاکستان کے علاوہ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں