پاکستانی اداکارہ کا نیا روپ، سجل علی کا لک وائرل ہوگیا

فہرستِ مضامین

پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ سجل علی ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، اس بار وجہ ان کا بالکل نیا اور غیر متوقع لک ہے جس نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ روایتی اسٹائل سے ہٹ کر شارٹ “پکسی کٹ” ہیئر کٹ میں نظر آئیں۔ اس تبدیلی کے ساتھ ان کا بائیکر جیکٹ اور اسٹرائپڈ شرٹ پر مبنی اسٹائل ایک مکمل “ایڈجی” فیشن اسٹیٹمنٹ پیش کر رہا تھا۔

ویڈیو کے کیپشن میں سجل علی نے صرف مختصر سا جملہ لکھا: “11:11 ہائے!” اور ساتھ ہی اپنی بہن صبور علی کو بھی ٹیگ کیا، جس کے بعد قیاس آرائیاں مزید تیز ہوگئیں۔

اس نئے لک کے بعد اداکارہ کی بغیر میک اپ سیلفیز بھی انسٹاگرام اسٹوریز پر سامنے آئیں، جن میں ان کا سادہ اور پراعتماد انداز نمایاں تھا۔ مداحوں نے ان تصاویر کو ان کی “نیچرل بیوٹی” اور خوداعتمادی کی علامت قرار دیا۔

چونکہ سجل علی عموماً لمبے اور کلاسیکل ہیئر اسٹائل میں نظر آتی رہی ہیں، اس لیے یہ اچانک تبدیلی انٹرنیٹ پر بحث کا بڑا موضوع بن گئی۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے ان کے اس نئے انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہر لک میں منفرد اور باوقار لگتی ہیں، جبکہ کچھ نے اسے ایک “نئی شروعات” یا “کردار کی تیاری” سے جوڑ دیا۔

کئی مداحوں نے یہ بھی اندازہ لگایا کہ ممکن ہے یہ حقیقی بال کٹ نہ ہو بلکہ کسی آنے والے پروجیکٹ یا فوٹو شوٹ کے لیے استعمال ہونے والی وگ ہو۔ کچھ صارفین نے ان کے اسٹائل کو اداکارہ صحیفہ جبار کے انداز سے بھی مشابہ قرار دیا۔

اس دوران اداکارہ عائشہ عمر نے بھی سجل علی کے نئے لک پر مختصر مگر مثبت ردعمل دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ صبور علی نے کمنٹس میں لکھا: “یہی تو میں چاہتی تھی۔”

بعد ازاں سجل علی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں عائشہ عمر اور صبور علی دونوں کا شکریہ ادا کیا، جس کے بعد یہ بحث مزید دلچسپ ہوگئی کہ آیا یہ تبدیلی ذاتی انتخاب ہے یا کسی بڑے آن اسکرین کردار کا حصہ۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں