رپورٹس کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔ لاہور میں ان کی مایوں، مہندی، دعائے خیر اور نکاح کی تقریبات منعقد ہوئیں، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر کافی وائرل بھی رہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ان کے شوہر حمزہ حبیب کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ ایک کامیاب اور مالی طور پر مستحکم کاروباری شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں، تاہم وہ عام طور پر میڈیا اور عوامی توجہ سے دور رہتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں اس وقت وہ خبروں کی زینت بنے جب مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ایک سیاسی شخصیت کی جانب سے دھمکیوں اور ہراسانی کے معاملے پر ان کے شوہر نے اپنی اہلیہ کے حق میں مؤقف اختیار کیا۔
حمزہ حبیب کے مطابق ان کی اور مومنہ اقبال کی منگنی دونوں خاندانوں کی باہمی رضامندی سے ہوئی تھی، جبکہ دونوں خاندانوں کے درمیان پرانے اور خوشگوار تعلقات بھی قائم ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جوڑے نے مئی 2026 کے آخر میں ایک نجی تقریب میں نکاح کیا۔
اس سے قبل مومنہ اقبال نے اپنی سوشل میڈیا اسٹوری میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے مبینہ طور پر دھمکیوں کا سامنا ہے، جس کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ثاقب چدھڑ کے حوالے سے بھی اس کیس میں مختلف دعوے سامنے آئے ہیں، تاہم معاملہ تاحال زیرِ تفتیش ہے۔