پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔
معاہدوں پر دستخط کی تقریب بشکیک میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ دوطرفہ تجارتی روابط کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے مل کر کام کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
شہباز شریف کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کاسا-1000 توانائی منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان باہمی تجارت کے فروغ کے لیے قوانین اور طریقہ کار کو مزید آسان بنائیں گے۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، جبکہ حالیہ معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے نئے دور کا آغاز ہیں۔