پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ ٹیسٹ سیریز ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں خصوصی ٹریفک پلان جاری

فہرستِ مضامین

پاک-جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز: راولپنڈی میں فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک پلان نافذ

راولپنڈی: پاک ساؤتھ افریقہ ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے سلسلے میں سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس کے 5500 سے زائد افسران سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ٹریفک مینجمنٹ کے لیے 367 سے زائد افسران تعینات کیے گئے ہیں۔

سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود فورس کو بریف اور چیک کر رہے ہیں، جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کے لیے علیحدہ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ گشت پر معمور ہیں۔

شہریوں کی سہولت کے لیے موثر ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ 20 اکتوبر بروز پیر سے ٹیسٹ میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوں گے۔ کرکٹ ٹیموں کی موومنٹ اسلام آباد سے راولپنڈی تک ہوگی، جس کے دوران اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 310 افسران تعینات ہوں گے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے متبادل راستے تجویز کیے ہیں:

  • مارگلہ روڈ سے کھنہ جانے والے شہری فیصل ایونیو، بلیو ایریا اور کلب روڈ استعمال کریں۔
  • سیکٹرز جی نائن، جی ٹین، جی الیون اور ترنول جانے کے لیے ایف ٹین والا روڈ اختیار کریں۔
  • راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے والے پشاور موڑ سے سری نگر ہائی وے استعمال کریں۔
  • آئی جے پی روڈ سے اسلام آباد آنے والے سبزی منڈی روڈ اختیار کریں۔

سروس روڈز پر ٹریفک افسران شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے۔ موومنٹ کے دوران دفتری، اسکول اور رش کے اوقات میں ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رش کے اوقات میں اضافی وقت کے ساتھ سفر کریں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ اسلام آباد پولیس شہریوں کو ٹریفک صورتحال کے بارے میں آگاہی سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم 92.4 پر فراہم کرے گی۔

کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پکار 15 اور ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں