ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ عقیدت، احترام اور مذہبی جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندانِ اسلام حضرت ابراہیمؑ کی عظیم سنت کو زندہ کرتے ہوئے جانوروں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں اور قصبوں میں نمازِ عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں لاکھوں شہریوں نے شرکت کی۔ علما کرام نے اپنے خطبات میں ایثار، قربانی، بھائی چارے اور اتحادِ امت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد ملک بھر میں قربانی کا سلسلہ شروع ہو گیا، جبکہ گھروں، گلی محلوں اور مخصوص مقامات پر شہری سنتِ ابراہیمی ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔