وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے نئے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کردیا، جسے ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ تعاون کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاح کے موقع پر گوگل کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل شعبے کے امکانات اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی موجودگی ایک نئے اور اہم سفر کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان گوگل کے لیے وسیع مواقع رکھنے والی مارکیٹ ہے اور یہاں ڈیجیٹل شعبے میں ترقی کے بے پناہ امکانات موجود ہیں۔
گوگل کے نائب صدر نے پاکستان کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے کو وسعت دینے اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔