پاکستان نے اپنا ریموٹ سینسنگ سیٹلائیٹ خلا میں بھیج دیا

فہرستِ مضامین

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے ٹیکنالوجی میں خودانحصاری کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے جمعرات کو اپنا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا ہے۔

سیٹلائیٹ چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر (ایکس ایس ایل سی) سے خلا میں بھیجا گیا۔

پاکستان کی طرف سے سیٹلائیٹ لانچنگ کو خلائی سفر کے میدان میں ایک نمایاں سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، یہ سیٹلائیٹ زمین کی نگرانی سے متعلق ملکی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق،سیٹلائٹ لانچ کے موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، سپارکو کے ماہرین اور سائنسدان بھی لانچ سینٹر میں موجود تھے۔

قدرتی آفات کی پیش گوئی میں مدد ملے گی

یہ سیٹلائٹ پاکستان کے خلائی وژن 2047 کے تحت لانچ کیا گیا ہے۔اے پی پی کے مطابق، جدید ترین امیجنگ سسٹمز سے لیس سیٹلائٹ زراعت اور شہری منصوبہ بندی سے لے کر ماحولیاتی نگرانی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ تک مختلف منصوبوں میں مدد فراہم کرے گا۔

امیجنگ سیٹلائٹ قومی ترقیاتی پروگراموں، جیسے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی اور جغرافیائی نقشہ سازی میں بھی مدد کرے گا۔

یہ سیٹلائٹ سیلاب، زلزلوں، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیئر کے پگھلنے اور جنگلات کی کٹائی کے اثرات کی پیش گوئی اور تخفیف میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔

آئندہ سال ایک پاکستانی خلاباز خلا میں بھیجیں گے: احسن اقبال

جدید امیجنگ ٹیکنالوجی سے لیس یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، درست زرعی حکمتِ عملی، آفات سے نمٹنے، ماحولیاتی تحفظ اور غذائی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں مؤثر معاونت فراہم کرے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم اس منصوبے میں چین کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکر گزار ہیں۔انہوں نے تصدیق کی کہ سیٹلائٹ کامیابی سے اپنے مقررہ مدار میں داخل ہو چکا ہے اور جلد ڈیٹا فراہم کرنا شروع کردے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پاکستان کی خلائی ٹیکنالوجی میں قیادت بحال کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ چین کے تعاون سے ہم آئندہ سال ایک پاکستانی خلا باز کوبھی  خلا میں بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور 2035 تک اپنا پہلا چاند مشن مکمل کر کے چاند پر قدم رکھیں گے۔

سپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان نے کہا کہ یہ کامیاب لانچ ایک مربوط اور مضبوط ارضی مشاہداتی نظام کی بنیاد فراہم کرتا ہے، جو قومی ترجیحات کی تکمیل اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیا سیٹلائٹ قومی ترجیحات کی تکمیل میں معاون ثابت ہوگا اور پاکستان کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرے گا۔

پاکستان نے حالیہ مہینوں میں خلائی تحقیق کے میدان میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ رواں سال کے آغاز میں چین نے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے پاکستان میں تیار کردہ الیکٹرو-آپٹیکل سیٹلائٹ خلا میں بھیجا تھا۔

اس مشن کا مقصد قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور وسائل کے بہتر انتظام کو یقینی بنانا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں