کراچی: پاکستان کسٹمز نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت افغانستان جانے والی رسد کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ کسٹمز اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی کو کراچی کے کارگو ٹرمینلز اور پاک افغان سرحد پر کسٹم کارگو اسٹیشنز پر رش کی صورت حال سے آگاہ کیا گیا، جہاں گنجائش سے زیادہ کنٹینرز کھڑے ہیں۔ حکام نے ان کنٹینرز کی سیکیورٹی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رسد کے نظام میں وقتی تعطل کو ضروری قرار دیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان کنٹینرز کو جو کارگو ٹرمینل کے اندر گاڑیوں پر لدے ہوئے ہیں، فوری طور پر آف لوڈ کر دیا جائے گا، جب کہ ان کے جاری شدہ تمام گیٹ پاس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
مزید یہ کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے سامان کی آمدورفت اس وقت تک معطل رکھی جائے گی جب تک صورتحال معمول پر نہیں آ جاتی۔
یہ اقدام سرحدی کشیدگی اور بارڈر بند ہونے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی غیر معمولی صورت حال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، تاکہ نہ صرف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے بلکہ کسٹم ٹرمینلز پر دباؤ کو بھی کم کیا جا سکے۔