پاکستان کی معیشت بہت آگے ہوتی، خلیجی بحران رکاوٹ بنا: شہباز شریف

فہرستِ مضامین

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بھرپور محنت کی، اگر خلیج کا بحران پیدا نہ ہوتا تو پاکستان دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح مزید آگے جا چکا ہوتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور مارکیٹ اوپننگ کی تقریب میں شرکت کی، جہاں لندن اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کی لسٹنگ کی رونمائی بھی کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے نمایاں کوششیں کی ہیں، جبکہ ملکی معاشی اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ خلیج میں بحران پیدا نہ ہوتا تو پاکستان دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح بہت آگے جا چکا ہوتا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی جانب سے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق لندن اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپننگ تقریب میں وزیراعظم کی شرکت پاکستان اور برطانیہ کے اہم مالیاتی اداروں کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کی عکاس ہے۔

شہباز شریف لندن اسٹاک ایکسچینج کی ٹریڈنگ اوپننگ تقریب میں شرکت کرنے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم بھی بن گئے۔

وزیراعظم نے لندن میں مختلف عالمی مالیاتی اداروں کے سینئر حکام سے ملاقاتیں بھی کیں، جس کے بعد وہ وطن روانہ ہوگئے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں