پاکستان کی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیور، ندا صالح ٹرین نہیں ‘تبدیلی’ چلا رہی ہیں

فہرستِ مضامین

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کی ندا صالح نے پاکستان کی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیور بن کر ملک میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔

ندا صالح، جو ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں، لاہور کے مصروف ترین اور سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ٹرانزٹ سسٹم کی اورنج لائن سروس کی میٹرو ٹرین چلاتی ہیں۔

ٹرین ڈرائیور کے طور پر ندا صالح کی تقرری کو خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ اس شعبے پر ہمیشہ مردوں کا غلبہ رہا ہے۔

ندا صالح نے پاکستان اور چین کے ماہرین سے میٹرو ٹرین چلانے کی تربیت حاصل کی ہے۔ اورنج ٹرین سروس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ندا صالح نے غیر معمولی عزم کے ساتھ اپنے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کر کے دکھایا ہے۔

ٹرین چلانا آسان نہیں، لیکن ناممکن بھی نہیں: ندا صالح

ندا صالح کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان کو شروع میں ان کے کیریئر کے انتخاب کے بارے میں تشویش تھی، لیکن پھر انہوں نے اس کے عزم اور ولولے کو دیکھ کر اس فیصلے کی حمایت کی۔

ندا کہتی ہیں کہ ٹرین چلانا آسان نہیں، لیکن ناممکن بھی نہیں ہے۔ یہ مکمل ذمے داری کا کام ہے، جس میں آپ کو ہر چیز پر توجہ دینی ہوتی ہے۔ ہر سفر شروع کرنے سے پہلے، میں ذاتی طور پر ٹرین کی سروسنگ اور حفاظتی اقدامات کا معائنہ کرتی ہوں۔

ندا صالح نے بتایا کہ ٹرانسپورٹیشن انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اورنج لائن پروجیکٹ میں انجینئرنگ کی پوزیشن کے لیے درخواست دی، اس وقت ٹرین ڈرائیوروں کی ایک کھیپ کو تربیت دی جا رہی تھی۔

ندا نے کہا کہ میں نے اورنج لائن کی چینی انتظامیہ سے خواتین کو بھی ڈرائیورز کے ٹریننگ سیشنز میں شامل کرنے کی درخواست کی، انہوں نے نہ صرف یہ درخواست منظور کی بلکہ سیکھنے میں بھی بہت مدد کی۔

ندا صالح صرف ٹرین نہیں بلکہ ایک ‘تبدیلی’ بھی چلا رہی ہیں۔

ندا صالح لاہور کی مصروف ترین میٹرو لائنوں میں سے ایک پر نہ صرف ٹرین چلا رہی ہیں بلکہ وہ ایک ‘تبدیلی’ بھی چلا رہی ہیں۔

لاہور کی اورنج لائن میٹرو ٹرین روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک چلتی ہے، جو علی ٹاؤن اور ڈیرہ گجراں کے درمیان 26 اسٹیشنوں پر رکتی ہے۔ بطور ٹرین ڈرائیور یا آپریٹر ندا صالح ہر روز ہزاروں مسافروں کے بروقت اور محفوظ سفر کو یقینی بناتی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا ندا صالح کو خراج تحسین

ندا صالح کی بطور ٹرین ڈرائیور تقرری کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر ٹرین کے ساتھ ندا صالح کی ایک بڑی تصویر بھی پوسٹ کی ہے۔

مریم نواز کے پیج پر ندا صالح کی تصویر کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خواتین کی شرکت کے حوالے سے یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔

ندا صالح اب نہ صرف ایک خاتون ٹرین ڈرائیور ہیں بلکہ پاکستان میں نوجوان لڑکیوں کے لیے  رول ماڈل بھی ہیں۔

ان کی کہانی غیر روایتی ہے، جو ایک واضح پیغام دیتی ہے کہ ہمت، عزم اور انتھک محنت سے پاکستان میں دوسری لڑکیاں بھی اپنے خواب پورے کر سکتی ہیں اور اپنی منزل پا سکتی ہیں

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں