پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا، ٹیسٹ کپتان دھنانجایا ڈی سلوا نے قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
سری لنکن کرکٹ کے مطابق دھنانجایا ڈی سلوا نے سلیکشن کمیٹی کو خط لکھ کر فوری طور پر ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
دھنانجایا ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں اب قیادت کی ذمہ داری اگلی نسل کو منتقل کرنے کا وقت آگیا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کپتانی سے دستبرداری کے باوجود وہ بطور کھلاڑی سری لنکا کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔
سری لنکا کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ایشلے ڈی سلوا نے دھنانجایا ڈی سلوا کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بورڈ ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے اور بطور کھلاڑی ان کی خدمات کا منتظر رہے گا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز شیڈول ہے۔ پہلا ٹیسٹ 9 نومبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا کرکٹ کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کے لیے نئے کپتان اور اسکواڈ کا اعلان ہونا باقی ہے، جبکہ کوشل مینڈس کو عبوری کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔