پاکستان ہر خطرے میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، وزیراعظم

فہرستِ مضامین

شہباز شریف کی ریاض اور ابہا ایئرپورٹس پر حملوں کی مذمت، سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے شہروں ریاض اور ابہا کے ہوائی اڈوں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر خطرے کے مقابلے میں سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

وزیراعظم نے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جانی نقصان اور شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔

شہباز شریف نے سعودی افواج اور اتحادی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی افواج نے اتحادی فورسز کے تعاون سے متعدد بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے حوثی ملیشیا پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب پر حملے فوری طور پر بند کرے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر خطرے اور مشکل صورت حال میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ریاض، اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کی تصدیق کی تھی۔ حکام کے مطابق ان حملوں میں 3 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں