پشاور: تحریک انصاف کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری سے متعلق دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا، جبکہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے خلاف دائر دوسری درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔
آج ہونے والی سماعت میں پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور گورنر خیبرپختونخوا کے وکیل بیرسٹر عامر جاوید نے اپنے دلائل مکمل کیے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ نومنتخب وزیراعلیٰ سے گورنر جان بوجھ کر حلف نہیں لے رہے، جس سے آئینی بحران جنم لے رہا ہے۔
عدالت نے گزشتہ روز ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ وہ گورنر سے رابطہ کر کے ان کے تحریری کمنٹس عدالت میں جمع کروائیں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا، جو آئندہ چند روز میں سنائے جانے کا امکان ہے۔