اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کو 9 ماہ تک اپنی کوکھ میں اس لیے نہیں رکھتیں کہ پیدائش کے بعد وہ کسی کی غفلت کا شکار ہوجائیں۔
انہوں نے پمز سانحے میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی تاریخ کے بدترین سانحات میں شمار ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جن والدین کی آنکھوں میں اپنے بچوں کے روشن مستقبل کے خواب تھے، ان کی امیدوں کے چراغ دنیا میں آتے ہی بجھ گئے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اس سانحے سے متاثرہ بے بس والدین انصاف کے منتظر ہیں اور واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قانون کے مطابق جواب دہ بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے جاں بحق نومولود بچوں کے لیے دعا بھی کی۔