پمز مدر اینڈ چائلڈ سینٹر کے لیے کروڑوں مختص، بجٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں

فہرستِ مضامین

اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر سینٹر (ایم سی ایچ) کے مالی سال 2026-27 کے لیے مختص بجٹ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے مطابق مرکز کے لیے ایک ارب 6 کروڑ 94 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق گزشتہ مالی سال 2025-26 میں ایم سی ایچ سینٹر کا بجٹ 85 کروڑ 56 لاکھ روپے تھا، یوں نئے مالی سال میں اس کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

بجٹ میں سینٹر کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مشینری اور طبی سازوسامان کی مد میں 70 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ عمارت اور اسٹرکچر سے متعلق اخراجات کے لیے 40 لاکھ روپے مختص ہیں۔

دستاویز کے مطابق ایم سی ایچ سینٹر کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے مجموعی طور پر 35 کروڑ 69 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ ان میں افسران کی تنخواہوں کے لیے 20 کروڑ روپے جبکہ دیگر عملے کی تنخواہوں کے لیے 15 کروڑ 65 لاکھ روپے شامل ہیں۔

ملازمین کے مختلف الاؤنسز کی مد میں 33 کروڑ 27 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ سینٹر کے روزمرہ آپریٹنگ اخراجات پورے کرنے کے لیے 27 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کے لیے 60 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح اسکالرشپس کے لیے 85 لاکھ روپے جبکہ اسٹور اسٹاک، پلانٹ اور مشینری کے لیے 60 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔

بجٹ کی یہ تفصیلات ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب پمز کے مدر اینڈ چائلڈ کیئر سینٹر کی کارکردگی، سہولیات اور انتظامی معاملات بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں