لاہور: پنجاب اسمبلی نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ مقامی حکومت پنجاب 2025ء کا مسودہ قانون اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود منظور کر لیا۔
اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے مسلسل ہنگامہ آرائی جاری رکھی اور بارہا اجلاس کی کارروائی موخر کرنے کا مطالبہ کیا۔ حزبِ اختلاف کے رہنما معین ریاض قریشی نے کہا کہ “پنجاب میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، ایجنڈا ملتوی کیا جائے”۔
اپوزیشن ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر شور شرابا کیا، بل کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اچھالیں، اور حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے رہے۔
اس تمام ہنگامے کے باوجود قائم مقام اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کارروائی جاری رکھی اور بل کی منظوری دے دی۔
بل صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ایوان میں پیش کیا، جسے شق وار منظوری کے ساتھ منظور کر لیا گیا۔