پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں تیز ہونے لگی ہیں، جہاں صوبائی محکمہ بلدیات نے الیکشن کے انتظامات کے لیے پنجاب حکومت سے ساڑھے 12 ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات کی جانب سے مالی وسائل کی فراہمی کی سمری حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے، تاکہ بلدیاتی انتخابات کے انتظامی اور دیگر اخراجات بروقت پورے کیے جا سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بڑے مالی مطالبے کی منظوری کا معاملہ پنجاب کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں فنڈز کی فراہمی سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
پنجاب اسمبلی کے ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا ہے، جس میں بلدیاتی انتخابات کے فنڈز سمیت متعدد اہم انتظامی اور مالیاتی امور پر غور کیا جائے گا۔
اگر کابینہ اس درخواست کی منظوری دے دیتی ہے تو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے عملی پیش رفت کا ایک اہم مرحلہ مکمل ہونے کی توقع ہے۔