پنجاب حکومت نے صوبے میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 دن کی توسیع کر دی ہے، جس کے تحت ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق دفعہ 144 کے تحت چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے، اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم پر بھی سخت پابندی ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ پابندی شادی، جنازہ یا تدفین کی تقریبات پر لاگو نہیں ہوگی، سرکاری فرائض انجام دینے والے افسران و اہلکار اور عدالتیں بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعے کے خطبے کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔
محکمہ داخلہ نے ہفتہ 8 نومبر تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، اور اس اقدام کا مقصد امن و امان، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔