پنجاب کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی، سمری وفاق کو ارسال

فہرستِ مضامین

لاہور: پنجاب کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ پابندی کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب پوری دنیا غزہ جنگ بندی پر پاکستان کے کردار کو سراہ رہی تھی، اُس وقت ایک مذہبی جماعت نے غیرضروری احتجاج کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج اُس وقت کیا گیا جب غزہ میں امن معاہدہ ہو چکا تھا، مگر اس دوران توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ پولیس کی گاڑیاں جلانے اور سڑکیں بلاک کرنے سے کیا غزہ کا مسئلہ حل ہو گیا؟ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے پرتشدد مظاہرے نہ ریاست کے مفاد میں ہیں نہ عوام کے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کسی کو بھی بنیادی حقوق کے نام پر ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے تاجر برادری، ٹرانسپورٹرز اور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہڑتال کی کال کو مسترد کیا۔

عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ ٹی ایل پی کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے اور مذہبی جماعت کے تمام اثاثے بھی تحویل میں لیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پنجاب حکومت ٹی ایل پی پر پابندی کی سفارش وفاقی حکومت سے کرے گی، جس پر اب عملی قدم اٹھا لیا گیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں