پھانسیوں کا سلسلہ نہ رکا تو کیا ہوگا؟ ٹرمپ کا ایران کو انتباہ

فہرستِ مضامین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں حکومت مخالف مظاہروں سے مبینہ طور پر وابستہ افراد کو دی جانے والی سزائے موت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پھانسیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں ایرانی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی فوج کے ایک بڑے حصے کو تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر ہے، جبکہ دوسری جانب مظاہرین کو پہلے سے بھی زیادہ تعداد میں سزائے موت دی جا رہی ہے، حتیٰ کہ بعض افراد اس وقت احتجاج میں شریک بھی نہیں ہوتے۔

امریکی صدر نے صورتحال کو ’انتہائی سنگین انسانی بحران‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔

یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ کا تازہ بیان کسی نئی پیش رفت کے تناظر میں سامنے آیا ہے یا وہ پہلے سے موجود معلومات کا حوالہ دے رہے ہیں۔ تاہم، رپورٹس کے مطابق 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد ایران میں پھانسیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

ایران میں مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا آغاز دسمبر 2025 کے آخر میں ہوا تھا، جو بعد ازاں ملک گیر حکومت مخالف مظاہروں میں تبدیل ہوگیا۔ 8 اور 9 جنوری 2026 کو احتجاج نے شدت اختیار کی، جس کے بعد ایرانی حکومت نے مظاہروں کو طاقت کے ذریعے ختم کیا۔

ایرانی حکام کے مطابق ان واقعات میں 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جبکہ تہران نے تشدد کا ذمہ دار امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے مبینہ ’دہشت گردی کے اقدامات‘ کو قرار دیا۔ دوسری جانب بیرونِ ملک قائم انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے اور انہوں نے ایرانی سکیورٹی فورسز پر مظاہرین کے خلاف فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں 30 سے زائد ممالک نے مشترکہ خط کے ذریعے ایران میں مظاہرین کو دی جانے والی سزائے موت اور پھانسیوں کی شدید مذمت کی تھی۔ تاہم امریکہ، جہاں بعض ریاستوں میں سزائے موت اب بھی قانونی ہے، اس مشترکہ خط میں شامل نہیں تھا۔

مشترکہ مذمتی خط کے باوجود ایران میں مظاہروں سے متعلق الزامات کے تحت کم از کم مزید تین افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں