کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر 7 اکتوبر کے بعد احتجاج کے اگلے مرحلے کا اعلان کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول پر دیا جانے والا ریلیف پیکج کوئی احسان نہیں، بلکہ دباؤ کے باعث یہ اقدام کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تقریباً 40 لاکھ موٹر سائیکلیں ہیں، تاہم حکومتی ریلیف پیکج سے تمام موٹر سائیکل سوار مستفید نہیں ہو رہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے مسئلے کا مستقل حل پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے۔ اس معاملے پر سب خاموش کیوں ہیں؟ امیروں کے لیے الگ نظام بنانے کی باتیں قابلِ قبول نہیں، یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 7 اکتوبر کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کے معاملے پر اپنے اگلے مرحلے کا اعلان کرے گی۔
فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ان کے بقول فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے اور امریکا بھی اس میں سہولت کار ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطینی پوری امت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، جماعت اسلامی مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور ظالم کے ساتھ نہیں۔