وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے اور عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے جبکہ ڈیزل 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور مشکل معاشی حالات میں پاکستانی عوام نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران عوام نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔
ان کے مطابق تیل کے بحران کے آغاز سے ہی حکومت نے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ استحکام برقرار رکھنے کی کوشش کی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت کے ذریعے 129 ارب روپے خرچ کر کے عوام کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے بچانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی معاشی بحران کے دوران بعض ممالک میں فیول راشننگ جیسے اقدامات کیے گئے، لیکن پاکستان میں بہتر منصوبہ بندی کے باعث نہ تو کوئی توانائی بحران پیدا ہوا اور نہ ہی طویل قطاریں یا قلت دیکھنے میں آئی۔