پیٹرول مہنگا ہوا تو کیا کیا مہنگا ہوگیا؟ تازہ اعداد و شمار سامنے آگئے

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات مہنگائی کی صورت میں سامنے آنے لگے ہیں، ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مزید 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق حساس قیمتوں کے اعشاریے (SPI) پر مبنی مہنگائی کی سالانہ شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ایک ہفتے میں 23 اشیا مہنگی

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 10 اشیا سستی اور 18 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 3.77 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیاز کی قیمت میں سب سے نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 14.17 فیصد مہنگی ہوگئی۔

چکن کی قیمت بھی 3.35 فیصد بڑھ گئی، جبکہ دال چنا، لہسن، چائے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

انڈے، ڈیزل اور ٹماٹر سستے

دوسری جانب بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں انڈے 5.78 فیصد سستے ہوئے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5.15 فیصد کمی ہوئی۔

اسی طرح ٹماٹر 4.99 فیصد اور آلو 1.17 فیصد سستے ہوئے۔ چینی، ایل پی جی اور کیلے کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کے اثرات روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں پر بھی نظر آنے لگے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں