آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کے اعلان سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے طریقہ کار پر سوالات اٹھا دیے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان نے کہا ہے کہ پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی کے حکومتی پیکج سے متعلق انہیں کوئی معلومات نہیں دی گئیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت کی جانب سے سبسڈی کا اعلان تو کردیا گیا ہے، لیکن اس کے طریقہ کار کی وضاحت نہ ہونے کے باعث صارفین اور پیٹرول پمپ مالکان کے درمیان تنازعات پیدا ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمان بٹ نے کہا کہ حکومت نے سبسڈی کا اعلان کردیا، تاہم یہ نہیں بتایا کہ پیٹرول پمپ مالکان کو سبسڈی کی رقم کس طریقے سے واپس کی جائے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے موٹرسائیکلوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے، جس کا آغاز اسلام آباد سے ہوچکا ہے۔