پیکا ایکٹ کیس: بلال غوری عدالت میں پیش، 3 روزہ ریمانڈ

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: اسلام آباد سے گرفتار کیے گئے سینئر صحافی اور وی لاگر بلال غوری کو عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے ان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

بلال غوری کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے عدالت سے صحافی کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

این سی سی آئی اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ بلال غوری کے یوٹیوب اور ایکس اکاؤنٹس کی ریکوری دستیاب ہے اور مقدمے سے متعلق مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔

بلال غوری کے وکیل حنظلہ حبیب نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے متعلقہ وی لاگ 5 ستمبر کو اپ لوڈ کیا تھا اور انہیں کسی نوٹس کے بغیر گرفتار کیا گیا۔

وکیل نے کہا کہ این سی سی آئی اے یہ واضح کرے کہ وی لاگ میں کون سی معلومات جھوٹی یا قابلِ اعتراض ہیں۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتاری اور مقدمے کے قانونی جواز کا جائزہ لیا جائے۔

واضح رہے کہ بلال غوری سینئر صحافی ہیں اور باقاعدگی سے وی لاگز بھی کرتے ہیں۔ ان کے خلاف کارروائی بھی ان کے ایک وی لاگ میں بیان کیے گئے بعض نکات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ بلال غوری کو کسی مقدمے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہو۔ اس سے قبل فروری 2026 میں انہیں اسلام آباد ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ بنگلہ دیش میں ہونے والے انتخابات کی کوریج کے لیے ڈھاکہ روانہ ہورہے تھے۔

اس گرفتاری کے اگلے روز انہیں رہا کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں