کراچی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے اہم میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈی ٹیم کو 108 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں جگہ پکی کر لی۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں راولپنڈی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو بعد میں ان کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ ٹیم کی جانب سے گلین میکسویل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 70 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ عثمان خان نے 54 جبکہ کوشال پریرا نے 50 رنز بنا کر نمایاں کردار ادا کیا۔
ہدف کے تعاقب میں راولپنڈی کی ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 136 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ راولپنڈی کی جانب سے عثمان خواجہ نے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تاہم انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ تعاون نہ مل سکا اور ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے حنین شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 جبکہ عاکف جاوید نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ حیدرآباد کنگز مین کو پلے آف تک رسائی کے لیے راولپنڈی کو 158 رنز سے کم پر آؤٹ کرنا ضروری تھا، جو انہوں نے بآسانی حاصل کر لیا۔
اس اہم کامیابی کے ساتھ حیدرآباد کنگز مین نے نہ صرف پلے آف میں جگہ بنائی بلکہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہو گئی۔