پی ایس ایل 11 کے پلے آف میچز میں شائقین کی واپسی

فہرستِ مضامین

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے پلے آف مرحلے کے تمام میچز میں شائقین کو اسٹیڈیم میں جا کر میچ دیکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے والے پلے آف میچز میں تماشائی اسٹیڈیم میں موجود ہو سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ شائقین میچز میں شرکت کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں تاکہ ٹریفک اور انتظامی مسائل سے بچا جا سکے۔

اس سے قبل بھی وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل 11 کے فائنل کے لیے شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی تھی، تاہم اب پلے آف مرحلہ بھی مکمل طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

پی ایس ایل کا پلے آف مرحلہ کل سے شروع ہو رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں کراچی میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائر میں آمنے سامنے ہوں گے۔

اس کے بعد بدھ کے روز پہلا ایلی مینیٹر لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں حیدرآباد کنگز مین اور ملتان سلطانز مد مقابل ہوں گے، جبکہ دوسرا ایلی مینیٹر یکم مئی کو لاہور ہی میں ہوگا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں پی ایس ایل 11 کے چیمپئن کا فیصلہ ہوگا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں