لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے متعدد قومی کرکٹرز کو بیرونِ ملک فرنچائز لیگز میں شرکت کے لیے این او سی جاری کردیے ہیں، جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی کیریبین پریمیئر لیگ (CPL) اور دیگر مقابلوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے حسن نواز، حنین شاہ، نسیم شاہ، عثمان خان، معاذ صداقت، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم اور شاداب خان کو سی پی ایل میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ ان کھلاڑیوں کے این او سی 19 اگست سے 21 ستمبر تک مؤثر رہیں گے۔
اس کے علاوہ اسپنر نعمان علی کو لنکا شائر کاؤنٹی کی نمائندگی کے لیے 27 ستمبر تک این او سی دیا گیا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث 7 اگست سے 20 ستمبر تک سی پی ایل کھیل سکیں گے، جبکہ مسٹری اسپنر عثمان طارق کو 8 اگست سے 18 ستمبر تک لیگ میں شرکت کی اجازت ملی ہے۔
اسی طرح اسامہ میر بھی 7 اگست سے 21 ستمبر تک سی پی ایل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں گے۔
پی سی بی کے اس فیصلے کے بعد کئی پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی فرنچائز کرکٹ میں تجربہ حاصل کرنے اور اپنی فارم برقرار رکھنے کا موقع پیدا ہوگیا ہے۔