انگلینڈ میں پاکستان کے بیٹر امام الحق کی حالیہ انجری کے بعد مارچ 2025 میں پیش آنے والے ایک سابقہ واقعے کی انکوائری رپورٹ ایک بار پھر سامنے آگئی ہے، جس کے باعث ان کی موجودہ انجری کے دعوے پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) امام الحق کی حالیہ انجری کے معاملے کی بھی تحقیقات کرے گا، جبکہ ماضی کی انکوائری میں پی سی بی کی کمیٹی نے انہیں نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران مبینہ طور پر جعلی انجری ظاہر کرنے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق 28 مارچ 2025 کو انڈور نیٹ سیشن کے دوران گیند امام الحق کے دائیں پاؤں کے انگوٹھے پر لگی تھی۔ بعد ازاں ایکسرے کرایا گیا، تاہم انگوٹھے میں فریکچر یا ہڈی کے اپنی جگہ سے ہٹنے کے شواہد سامنے نہیں آئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم کی ہدایات کے باوجود امام الحق مبینہ طور پر افطار کے لیے تقریباً 500 میٹر پیدل گئے۔ بعد میں انہوں نے انگوٹھے میں شدید درد اور اس کے سیاہ پڑنے کی شکایت کی۔
رپورٹ کے مطابق ٹیم ڈاکٹر نے مخصوص کیمیکل والے پیپر سے انگوٹھے کو صاف کیا تو مبینہ سیاہ نشان ختم ہوگیا۔ انکوائری کمیٹی نے قرار دیا تھا کہ انگوٹھے سے صاف ہونے والا سیاہ مادہ قدرتی خون کا نشان نہیں تھا بلکہ سیاہی یا مارکر کے استعمال سے بنا ہوا تھا۔
ذرائع کے مطابق امام الحق نے انکوائری کمیٹی کے سامنے انگوٹھے پر سیاہی یا کسی مصنوعی مادے کے استعمال کی تردید کی تھی، تاہم کمیٹی نے ان کی وضاحت کو طبی شواہد، ایکسرے کے نتائج اور انگوٹھے کی ظاہری حالت سے متصادم قرار دیا۔
ٹیم حکام کے مطابق امام الحق نگرانی میں لنگڑاتے ہوئے دکھائی دیتے تھے، تاہم جب وہ حکام کی نظروں سے اوجھل ہوتے تو مبینہ طور پر معمول کے مطابق چلتے تھے۔
پی سی بی کی انکوائری کمیٹی نے متفقہ طور پر یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ امام الحق کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے ان فٹ قرار دینے کی کوئی طبی بنیاد موجود نہیں تھی۔
کمیٹی نے امام الحق کو انجری کی علامات مبینہ طور پر مصنوعی طور پر ظاہر کرنے، انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کرنے اور طبی عملے کو گمراہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ امام الحق نے جان بوجھ کر خود کو پہلے ون ڈے سے باہر رکھنے کی کوشش کی۔
انکوائری کمیٹی نے تمام فارمیٹس اور تمام سطحوں پر پاکستان کی نمائندگی سے امام الحق پر پابندی عائد کرنے کی سفارش بھی کی تھی۔ کمیٹی نے مبینہ اقدام کو دانستہ، پہلے سے طے شدہ اور دھوکا دہی پر مبنی قرار دیا تھا۔
اب انگلینڈ میں امام الحق کی تازہ انجری کے دعوے کے بعد 2025 کی یہ انکوائری رپورٹ دوبارہ زیرِ بحث آگئی ہے۔ ماضی کے تنازع میں یہ الزام بھی سامنے آیا تھا کہ امام الحق نیوزی لینڈ کی تیز اور مشکل پچز پر اوپننگ کی ذمہ داری سے بچنا چاہتے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے موجودہ انجری کے معاملے کی تحقیقات کے دوران سابقہ انکوائری کے نتائج اور طبی ریکارڈز کو بھی مدنظر رکھا جاسکتا ہے۔