لاہور: پنجاب حکومت نے 27 ستمبر کو ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے مجوزہ لانگ مارچ کے پیش نظر مخصوص علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز محدود یا ڈاؤن گریڈ کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے درخواست کردی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجے گئے مراسلے میں راولپنڈی اور اٹک کے حساس علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل یا سگنلز کمزور کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے بعض علاقوں، جن میں براہمہ باہتر، ٹیکسلا، واہ صدر اور چکری سمیت دیگر مقامات شامل ہیں، میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش یا جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق یہ اقدام ممکنہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر تجویز کیا گیا ہے، جبکہ حتمی طور پر سروسز کی بندش یا محدود کرنے کا فیصلہ وفاقی حکام کریں گے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 23 ستمبر سے 5 اکتوبر تک دفعہ 144 بھی نافذ کر رکھی ہے۔
لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کے لیے بھی وفاق سے درخواست کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔